اتوار 15 نومبر 2026 - 15:08
سیرتِ حضرت فاطمہ زہراءؑ پر عمل پیرا ہوکر خاندانی اختلافات کم کیے جا سکتے ہیں، مولانا سید شہوار حسین نقوی

حوزہ/ ایامِ عزائے فاطمیہ کے سلسلے میں عزاخانہ وزیر النساء، محلہ دانشمندان اور عزاخانہ محلہ حقانی امروہہ میں منعقدہ مجالسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر سید شہوار حسین نقوی نے کہا کہ اگر خاندانوں میں سیرتِ حضرت فاطمہ زہراء (س) کے مطابق پیار، محبت، ایثار اور قربانی کا جذبہ پیدا ہو جائے تو خاندانی اختلافات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایامِ عزائے فاطمیہ کے سلسلے میں عزاخانہ وزیر النساء، محلہ دانشمندان اور عزاخانہ محلہ حقانی امروہہ میں منعقدہ مجالسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر سید شہوار حسین نقوی نے کہا کہ اگر خاندانوں میں سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مطابق پیار، محبت، ایثار اور قربانی کا جذبہ پیدا ہو جائے تو خاندانی اختلافات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا انسانی معاشرہ اخلاقی زوال، خاندانی انتشار، مادہ پرستی، خود غرضی اور روحانی بے سکونی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ایک مکمل اخلاقی اور روحانی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر خواتین آپ کی علمی و اخلاقی زندگی کو اپنے لیے نمونۂ عمل بنائیں تو معاشرے میں تعلیم، شعور اور پاکیزہ کردار کو فروغ مل سکتا ہے۔ اسی طرح نوجوان آپ کی سیرت سے صبر، تقویٰ، خود اعتمادی اور حق شناسی کا درس حاصل کریں تو ان کی شخصیت میں مثبت تبدیلی پیدا ہو سکتی ہے۔ معاشرہ اگر آپ کے ایثار اور خدمتِ خلق کے اصولوں کو اختیار کرے تو غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کے مسائل کے حل میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

ڈاکٹر مولانا سید شہوار حسین نقوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عبادت نے روحانیت، علم نے معرفت، عفت نے پاکیزگی، ازدواجی زندگی نے محبت و احترام اور مادری تربیت نے عظیم کرداروں کی پرورش کا درس دیا، جبکہ آپ کی حق گوئی دینی بصیرت اور استقامت کی روشن مثال ہے۔ آپ کی شخصیت میں فرد، خاندان اور معاشرے کی اصلاح کے تمام بنیادی عناصر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کا مطالعہ محض تاریخی معلومات کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ اپنی عملی زندگی کو بہتر بنانے کا وسیلہ بھی ہے۔ آپ کی سیرتِ طیبہ تاریخِ اسلام کا وہ روشن باب ہے جس کی روشنی کبھی ماند نہیں پڑ سکتی۔ آپ کی زندگی علم و عمل، عبادت و معرفت، عفت و حیا، ایثار و قربانی، صبر و استقامت اور حق گوئی کا حسین مجموعہ ہے۔ آپ نے اپنے کردار سے ثابت کیا کہ حقیقی عظمت نسب، دولت، اقتدار یا ظاہری شان و شوکت میں نہیں بلکہ ایمان، تقویٰ، علم، اخلاق اور خدمتِ انسانیت میں پوشیدہ ہے۔

دوسری جانب، الحاج سید اختر عباس اپو صاحب کی جانب سے عزاخانہ محلہ جعفری میں خمسۂ مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید اطہر عابدی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات ایک جامع اور ہمہ گیر شخصیت کا مظہر ہے، جس سے بیٹی کو والدین کی خدمت، شریکِ حیات کو وفاداری و احترام، ماں کو تربیتِ اولاد، طالب علم کو علم و معرفت، عابد کو اخلاص اور معاشرے کو عدل و ایثار کا درس ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت صرف خواتین ہی نہیں بلکہ تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ کی سیرت کو محض محافل، مجالس اور تقریروں تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی انفرادی، خاندانی اور اجتماعی زندگی میں عملی طور پر نافذ کیا جائے۔

مولانا سید اطہر عابدی نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ انسان کی حقیقی کامیابی خدا کی بندگی، پاکیزہ کردار، علم و معرفت، خدمتِ خلق اور راہِ حق میں استقامت کے اندر مضمر ہے۔ آپ کی سیرت قیامت تک انسانیت کے لیے چراغِ ہدایت اور نمونۂ عمل رہے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha